کراچی،پاک بحریہ کی بسوں پر 2حملے،4ہلاک،56زخمی
کراچی ۔ کراچی میں پاک بحریہ کے ملازمین کی گاڑیوں پر یکے بعد دیگرے ہونے والے 2 دھماکوں میں سب لیفٹیننٹ اقبال اور لیڈی ڈاکٹر نازیہ سمیت 4 اہلکارشہید اور 56 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح دہشت گردوں نے کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو اور بلدیہ ٹاؤن مہاجر کیمپ نمبر 2 پر پاک بحریہ کی 2بسوں کو نشانہ بنایا ۔اطلاعات کے مطابق پہلا دھماکہ 7:20منٹ پر ڈیفنس کے علاقے فیز ٹو میں ہوا جہاں نامعلوم دہشت گردوں نے پہلے سے کھڑی ایک موٹر سائیکل کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے اس وقت دھماکہ کرکے اڑا دیا جب پاک بحریہ کی ایک بس قریب سے گزری، دھماکے کے نتیجے میں موقع پر 2 افراد شہید اور 37 افراد زخمی ہوگئے ۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ڈیفنس کے علاقے فیز ٹو کو گھیرے میں لے لیاجبکہ دوسرا دھماکہ 7:26منٹ پر بلدیہ ٹاون کے علاقے مہاجر کیمپ میں نیول کالونی سے آنے والی نیوی کی بس کے قریب ہوا۔ جس کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ15 افراد زخمی ہوگئے جبکہ نیوی کی بس کے قریب ہی کچرے دان میں نصب دوسرے بم کو ناکارہ بنا دیاگیا، ناکارہ بنایا جانے والا بم 10 کلو وزنی بتایا جاتا ہے۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق دھماکوں کا شکار ہونے والی دونوں بسیں ملازمین کو متعلقہ یونٹس لے جارہی تھیں۔ترجمان کے مطابق ڈیفنس بم دھماکے میں زخمی ہونے والے نیوی اہلکاروں کو پی این ایس شفاء جبکہ بلدیہ ٹاوٴن کے زخمیوں کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دھماکے کے فوراً بعد پولیس ، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔ سی سی پی او سعود مرزا کے مطابق بلدیہ ٹاون بم کچرے کے ڈبے میں چھپائے گئے تھے۔ دوسرے بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ یہ بم10 کلو وزنی تھا۔پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ اس بم سے اہم پولیس افسران کو نشانہ بنانا مقصود ہو سکتا ہے۔ دونوں واقعات کی تحقیقات کے لئے2 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہی۔ ایس ایس پی راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ دونوں مقامات پر بم پہلے سے نصب تھے۔کراچی میں پولیس کے تحقیقاتی ادارے ایس آئی یو کے ایس پی عمر خطاب نے وقوعہ پر صحا فیوں کو ابتدائی تفتیش سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے خود کش نہیں تھے بلکہ یہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کئے گئے ہیں اور ان میں 3 سے 4 کلو بارود استعمال کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس بم دھماکے میں جو طریقہ اختیار کیا گیا ہے ماضی میں چہلم کے اجتما ع میں بھی یہی طریقہ استعمال کیا گیا تھا۔ (ثناء نیوز)
0 Comments:
Post a Comment
Subscribe to Post Comments [Atom]
<< Home