Wednesday, April 27, 2011

دہشت گردوں نے سرحدوں پر ناکامی کے بعد اب کراچی شہر کا رخ کیا، ہم دہشت گردوں کے نیٹ تک پہنچ چکے، وزیر داخلہ رحمن ملک

 دہشت گردوں نے سرحدوں پر ناکامی کے بعد اب کراچی شہر کا رخ کیا، ہم دہشت گردوں کے نیٹ تک پہنچ چکے، وزیر داخلہ رحمن ملککراچی-  وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے سرحدوں پر ناکامی کے بعد اب کراچی شہر کا رخ کیا ہے۔ ہم دہشت گردوں کے نیٹ ورک تک پہنچ چکے ہیں۔ ٹارگٹ کلرز سمیت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔ چار ماہ میں 58 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ منگل کو بسوں پر حملوں میں ملوث عناصر کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہے۔ مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچادینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبے میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی اجلاس میں سندھ بالخصوص کراچی میں امن وامان اور اب تک کی جانے والی کارروائی کے علاوہ منگل کو ہونے والے بم دھماکوں کے حوالے سے تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک نے کہا کہ دہشت گردوں نے سرحدوں پر ناکامی کے بعد اب کراچی کا رخ کیا ہے۔ بلوچستان کے جو واقعات ہیں ان کا کچھ اثر یہاں بھی دیکھنے میں آرہا ہے۔ ایک سال قبل بھی بسوں پر حملے کئے گئے تاہم دہشت گردوں کے نیٹ ورک تک پہنچ گئے ہیں۔ جلد ان کو بے نقاب کیا جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتیں صوبے میں امن چاہتی ہیں۔ الطاف حسین نے بھی بلا امتیاز مجرموں کے خلاف کارروائی کیلئے کہا جبکہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کی بھی یہی خواہش ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں سب کو آگے آنا پڑے گا۔ دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بنائی ہے اور ہماری فورسز اس وقت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔ تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ تمام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے بھی اب اپنی کارروائیوں کے طریقے کو بدل دیا ہے اس لئے میں نے بھی تمام آر ڈیز کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی واقعے کے بعد فوری طور پر جگہ کو محفوظ کیا جائے تاکہ مزید نقصان نہ ہوسکے کیونکہ آج جو بم دھماکے ہوئے ان میں دو طرح کی ڈیوائسز استعمال کی گئی تھیں۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ نقصان ہو۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک پولیس افسر کی خصوصی طور پر ذمہ داری لگائی گئی ہے کہ وہ میڈیا کو تمام صورتحال سے آگاہ کرے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جنوری سے اپریل تک کے مہینے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے انتہائی اہم رہے۔ اس دوران 107 کے قریب افراد کو ٹارگٹ کلنگ میں قتل کیا گیا اور 58 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیاگیا ہے جن کے ذریعے کئی واقعات تک ہم پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو روزانہ 1.4 افراد نشانہ بنے ہیں۔ پولیس نے امن وامان کے قیام اور مجرموں کی گرفتاری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ جن پولیس اہلکاروں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر مجرموں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جس میں نچلی سطح سے اوپر سطح تک کے تمام پولیس اہلکار شامل ہونگے۔ اس حوالے سے تقریب بھی منعقد کی جائے گی جس سے میں خود ان سے ملوں گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کیلئے پیش رفت میں تمام لوگوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم نے صوبے میں پولیس اور رینجرز کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ امن وامان کے قیام اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اور رینجرز کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسوں پر حملوں کی پولیس نے تحقیقات مکمل کرلی ہے اور پولیس نے اپنی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سنگین جرائم میں ملوث کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔ دو کروڑ کی آبادی میں اگر کچھ لوگ قتل ہوتے ہیں تو یہ پولیس اور حکومت کی ناکامی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں تمام صورتحال پر غور کیا گیا ہے۔ اس موقع پر آئی جی سندھ فیاض لغاری نے جنوری سے اپریل تک ٹارگٹ کلنگ سمیت جرائم کے مختلف واقعات کے حوالے سے اعداد وشمار میڈیا کے سامنے پیش کئے۔ 
(این این آئی)

0 Comments:

Post a Comment

Subscribe to Post Comments [Atom]

<< Home