Wednesday, April 27, 2011

بدانتظامی کے باعث قیدی جیل سے بھاگنے میں کامیاب ہوئے‘تلاش ممکن نہیں‘تجزیہ کار

 بدانتظامی کے باعث قیدی جیل سے بھاگنے میں کامیاب ہوئے‘تلاش ممکن نہیں‘تجزیہ کار
کابل(اے این این) معروف افغان سیاسی تجزیہ کار رحیم اللہ سمندر نے کہا ہے کہ بدانتظامی کے باعث قیدی جیل سے بھاگنے میں کامیاب ہوئے‘تلاش ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے بقول،سارے قندھار میں مفرور قیدیوں کی تلاش کا کام شروع کیا گیا ہے، جب کہ ان کو ڈھونڈ نکالنا ممکن نہ ہوگا ۔رحیم اللہ سمندر نے قندھار جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کے بارے میں افغان صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کا حوالہ دیا، جس میں قندھار کے سکیورٹی عہدے داروں کی اہلیت اور کنٹرول پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔رحیم اللہ کے بقول، یہ سچ ہے کہ سرنگ کی کھدائی کئی مہینوں سے جاری تھی۔ اِس واقعے سے افغان سکیورٹی فورسز کو بہت صدمہ پہنچا ہے۔ صدر حامد کرزئی کے دفتر کی طرف سے جاری بیان میں قندھار کے گورنر اور پولیس سربراہ کو وضاحت کے لیے مہلت اور انتباہ دیا گیا ہے۔پاکستان کے سیاسی تجزیہ کار سمیع یوسفزئی کے بقول، یہ امریکی اور نیٹو افواج، اور خود افغان حکومت کیلئے ایک بڑا دھچکہ ہے۔ان کے الفاظ میں:یہ جو دعوی کیا جارہا ہے کہ افغانستان کی حکومت اپنے پاؤں پہ کھڑی ہونیوالی ہے، انتظام کو چلانے کی اہلیت کی طرف بڑھ رہی ہے اِسے بہت بڑا دھچکہ لگا ہے۔سمیع یوسفزئی کے مطابق قندھار جیل سے بھاگ نکلنے والے دو طالبان سے ان کی بات ہوئی ہے، جنھوں نے بتایا ہے کہ ان کو پہلے کچھ علم نہیں تھا۔ رات کے وقت، طالبان ہر کمرے میں آکر آہستہ آہستہ قیدیوں کو خواب سے جگا کر وہاں لے گئے جہاں سے سرنگ شروع ہوتی تھی، اور سرنگ سے نکلتے وقت وہاں بھی طالبان کے گروپ میں لوگ موجود تھے جوفرار ہونے والوں کو ٹرکوں، موٹر سائیکلوں اور ٹریکٹروں پر بٹھا کر شہر سے دور گاؤں لے جاکر چھوڑ دیتے تھے۔تجزیہ کار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ شمالی افغانستان، کابل اور اب قندھار کے جیل سے قیدیوں کا فرار ہونا ایک سلسلے کی کڑی لگتی ہے ، جِس بات سے، ان کے بقول، لگتایوں ہے کہ افغانستان کی حکومت میں کوئی ربط نہیں ہے۔واقعے کے بعد کوئی ندامت نہیں ہوتی۔ یوں لگتا ہے جیسے پوچھ گچھ کا کوئی نظام سرے سے ہے ہی نہیں۔

0 Comments:

Post a Comment

Subscribe to Post Comments [Atom]

<< Home